اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب بیوروکریسی کے معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیورکریسی ن لیگ کو سپورٹ کرتی ہے، پنجاب میں پولیس کام نہیں کر رہی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پہلے ہی وزیراعظم کو تحفظات سے آگاہ کر چکے تھے جس کے بعد پنجاب بیوروکریسی میں بڑی اکھاڑ پچھاڑ کا امکان ہے۔
انصافی حکومت کو شکوہ ہے کہ پنجاب بیوروکریسی ن لیگ کی وفادار ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی چند روز قبل لاہور آمد پر وزیراعلی پنجاب سے ملاقات میں اہم انکشافات ہوئے، جس کے بعد عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ بیوروکریسی (ن) لیگ کو زیادہ سپورٹ کر رہی ہے، صوبے میں پولیس کام نہیں کر رہی، بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالنے کی بات آتی ہے تو پولیس پیچھے ہٹ جاتی ہے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار بہت پہلے ان معاملات کی جانب اشارہ کر چکے تھے، وزیراعظم کی تشویش کے بعد پنجاب بیوروکریسی میں بڑی تبدیلی کا امکان ہے، اکھاڑپچھاڑ کیلئے کئی نام زیر غور ہیں۔