لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب لاہور ہائیکورٹ کے طلب کرنے پر پیش ہوگئے۔ عثمان بزدار کو فل بنچ نے روسٹرم پر بلا لیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواستوں پر سماعت جاری ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈووکیٹ جنرل کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔ فل بنچ نے کہا عدالت کو بتایا جائے کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کیخلاف توہین عدالت کے نوٹسز جاری ہوئے، کیا حکومت نئی جے آئی ٹی کیس انہی سے پیروی کرائے گی۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کا دوسرا جواب بھی غیر تسلی بخش قرار دیا۔ جسٹس قاسم خان نے کہا اونچا بولنے میں اور شور کرنے میں بڑا فرق ہے۔ جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے آزادی اظہار اور اونچی آواز میں بولنے میں فرق ہے۔ عدالت نے کہا پنجاب کے سب سے بڑے لا آفیسر ایک ملزم کی طرح کھڑے ہیں۔