لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد سابق رکن پنجاب اسمبلی سردار فتح محمد خان بزدار آج قضائے الہٰی سے انتقال کر گئے۔ مرحوم کچھ عرصہ سے علیل تھے۔
سردار فتح محمد خان بزدار مرحوم کی نماز جنازہ تونسہ شریف کے سٹیڈیم میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار، وزرا، اراکین اسمبلی، سماجی شخصیات، قبائلی عمائدین، عزیز واقارب اور معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مرحوم کی نماز جنازہ بزرگ شخصیت حاجی فضل حسین نے پڑھائی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔ بعد ازاں مرحوم کے جسد خاکی کو آبائی علاقے بارتھی لے جایا گیا جہاں ان کی تدفین آبائی قبرستان کی گئی۔
سردار فتح محمد خان بزدار بارتھی ضلع ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1964ء میں کراچی یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ سردار فتح محمد خان بزدار مرحوم 3 مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی رہے۔ سردار فتح محمد خان بزدار 1985ء کے عام انتخابات میں پہلی بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔ مرحوم سردار فتح محمد خان بزدار 2002ء اور 2008ء کے عام انتخابات میں بھی رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔
صدر پاکستان عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اہم شخصیات نے سردار فتح محمد خان بزدار کے انتقال پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔