لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ منافع خور مافیا کو من مانی کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کابینہ سب کمیٹی پرائس کنٹرول کو ہدایات جاری کر دیں۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا امتیازکارراوئی کی جائے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے فوری طور موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیارپر کڑی نظر رکھیں۔ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں پرائس کنٹرول کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی خود نگرانی کریں۔ اتوار بازاروں میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے۔
انھوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کے ذریعے عوام کو لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انتظامیہ اور متعلقہ محکمے فیلڈ میں نکلیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے فعال انداز میں فرائض سر انجام دیں۔عوام کو کسی بھی صورت ناجائزمنافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، عوام کا مفاد سب سے زیادہ مقدم ہے۔