لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال کی متاثرہ فیملی کے مطالبے پر جوڈیشنل کمیشن کی ہدایت کر دی ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی طور پر دیکھا جائے کہ اگر جوڈیشل کمیشن بن سکتا ہے تو اس پر عمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد اقدامات اٹھائیں گے۔
مقتول خلیل کی فیملی نے آج وزیراعظم کیساتھ ملاقات میں سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست کی تھی۔ خیال رہے کہ سانحہ ساہیوال پر پہلے جے آئی ٹی نے تحقیقات کیں جبکہ ہائیکورٹ کے حکم پر اس واقعے کی جوڈیشل انکوائری بھی ہوچکی ہے جس کی رپورٹ جمع کرائی جا چکی ہے۔
آج سانحہ ساہیوال کے متاثرین کے ورثا سے خصوصی ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ان سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور حکومت کی جانب سے چیک بھی تقسیم کیے۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انسانی جان کے ضیاع کا کسی صورت ازالہ نہیں کیا جا سکتا، تاہم حکومت متاثرین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔