اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ معاشرے میں مزدوروں کے حقوق کا تحفظ قانونی، مذہبی اور اخلاقی فرض ہے۔ حکومت سیاسی مفادات سے بالاتر ہو عوام اور کمزور طبقوں کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے گی۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں مزدوروں کی بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات پر انھیں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو اس سلسلے میں پنجاب حکومت کے مختلف قوانین پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعظم نے مزدوروں خصوصا گھروں میں کام کرنے والے افراد کے لیے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گھروں میں کام کرنے والے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قوانین بنانا ہی کافی نہیں، اصل چیلینج ان قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔