لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ 72 گھنٹے میں ادویات کی قیمتیں پرانی سطح پر لائی جائیں، ادویات کی قیمتیں بڑھانے والوں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔
وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ادویات مہنگی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے سردار عثمان بزدار کو ہدایت کی کہ عوامی نمائندوں کو عوامی خدمت کے منصوبوں میں مکمل طور پر سہولت فراہم کی جائے، نئی ترقیاتی سکیمیں بھی ایک ماہ میں لے لی جائیں۔
وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات میں پنجاب کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی نے صوبے کے انتظامی امور بارے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں رمضان المبارک میں مہنگائی کی روک تھام کے لئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیراعلی نے عوامی ریلیف کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی وزیراعظم کو بریف کیا اور کہا مہنگائی کی روک تھام کے لئے وفاق کی طرف سے جاری ہدایات پر مکمل عمل کیا جا رہا ہے۔