لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نئی گاڑیاں نہیں خرید رہی، حالات بہتر ہوں گے تو نئی گاڑیاں دیں گے۔
واضح رہے پنجاب حکومت کا وزرا کیلئے 77 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ سامنے آیا تھا جس پر 17 کروڑ 47 لاکھ 90 ہزار روپے خرچ ہونے تھے اور سمری بچت کمیٹی کو بھجوا دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: وزرا کیلئے 77 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ، ن لیگ نے مذمتی قرارداد جمع کرادی
ذرائع کے مطابق 4 وزرا ، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹیز اور پارلیمانی سیکرٹریز کیلئے گاڑیاں خریدی جانی تھیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے گاڑیاں خریدنے کی ابتدائی منظوری بھی دے دی تھی۔
واضح رہے پنجاب حکومت ستمبر میں نئی گاڑیاں نہ خریدنے کا اعلان کر چکی ہے۔ اس سے قبل ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل کا کہنا تھا کہ حکومت کو نئی گاڑیوں کی ضرورت ہے، جس کے بعد مسلم لیگ ن کی جانب سے تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی اور حکومت کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اس کے فوری بعد حکومت پنجاب نے سمری کو مسترد کر دیا اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہا کہ سمری آئی تھی لیکن اب گاڑیاں نہیں خرید رہے ہیں، جب صوبے کے حالات بہتر ہوں گے تو گاڑیاں خریدنی پڑیں گی۔