لاہور (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنائیں گے، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے واضح احکامات تھے کہ کہیں بھی پولیس گردی نہیں کی جائے گی۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ اگر اداروں کو رول ماڈل بنانا ہے تو ہم سب کو رول ماڈل بننا ہو گا۔ اگر ادارے قانونی کارروائی کریں تو ان کے ساتھ مزاحمت نہیں کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ آج ماڈل ٹائون میں شہباز شریف کی رہائش گاہ کے باہر نیب ٹیم اور پولیس کی بھاری تعینات حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے موجود رہی مگر گھر کے اندر کوئی بھی اہلکار داخل نہ ہوسکا۔ اس موقع پر ن لیگی کارکنان حمزہ شہباز کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے رہے۔
حمزہ شہباز کی جانب سے حفاظتی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے نیب حکام کو ان کی گرفتاری سے روک دیا اور انہیں 8 اپریل کو ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کردی۔