اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ایک اور میدان میں جھنڈے گاڑ دیے۔ مشہور زمانہ ٹائم میگزین نے عمران خان کا نام دنیا کے سو بااثر ترین افراد کی فہرست میں شامل کر دیا۔ ٹائم ہینڈرڈ 2019ء کی فہرست جاری کر دی گئی۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زندگی ناقابل یقین کامیابیوں سے عبارت ہے۔ بائیس برس پہلے ایک ایسے وقت میں کرکٹ کا عالمی کپ جیت کر دنیا کو حیران کر دیا، جب پاکستانی ٹیم سے کوئی یہ توقع ہی نہیں کر رہا تھا۔
کرکٹ کے میدان سے ہی ایک اور ناقابل یقین اعلان کر دیا کہ وہ ایسا ہسپتال بنائیں گے جہاں کینسر کے غریب مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔ چند سالوں بعد یہ کارنامہ بھی سر انجام دے دیا۔
جو طالب علم غربت کے باعث اعلیٰ تعلیم کے لیے یورپ اور امریکا نہیں جا سکتے تھے، ان کے لیے پاکستان میں ہی عالمی معیار کی یونیورسٹی بنا کر کامیابیوں کے سفر میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔
سیاست میں قدم رکھا تو 22 برس تک ٹھوکریں کھاتے رہے۔ لوگ کہتے رہے کہ عمران خان کے ہاتھ میں وزیراعظم بننے کی لکیر ہی نہیں ہے، پھر ایک دن تقدیر نے ایسا پلٹا کھایا کہ وہی عمران خان ملک کے وزیراعظم بن گئے جو اپنے پہلے الیکشن میں پورے ملک سے ایک بھی سیٹ جتتے میں کامیاب نہیں ہو سکتے تھے۔
اپنی کرشماتی شخصیت کے باعث عمران خان نے نہ صرف سرد مہری کے شکار عرب دوستوں کو گلے سے لگایا بلکہ چین، ترکی اور ملائیشیا سمیت دیگر ممالک کے سربراہاں کو بھی اپنا گرویدہ بنا لیا۔
پڑوسی ملک کے سربراہ، قتل و غارت اور جنگ وجدل اترے ہوئے تھے تو عمران خان نے امن اور بات چیت کے دروازے کھول کر ناصرف خطے کو ایک بڑی تباہی سے بچایا بلکہ جارحیت پسندوں کی زبان پر بھی تالہ لگا دیا۔
افغانستان میں سترہ برس سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے سنجیدگی سے کوششیں کیں تو ایک عرصے سے ناراض امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔
عمران خان نے صرف آٹھ ماہ میں عالمی سیاست میں اپنی دھاک بٹھا دی جس کے اعتراف میں ٹائم میگزین نے ان کا نام دنیا کے سو بااثر ترین افراد کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
سو موثر افراد کی فہرست میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ساتھ مسلمانوں سے ہمدردی میں اپنا نام منوانے والی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈرا آرڈن بھی شامل ہے۔
امریکی جریدے کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے بااثر ترین سو افراد کی فہرست میں ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد، چینی صدر ژی جن پنگ، مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید بھی شامل ہیں۔
سماجی رابطوں کی مشہور ویب سائٹس فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹا گرام کے بانی مارک زکر برگ بھی بااثر ترین افراد کی فہرست کا حصہ ہیں جبکہ مشہور فلم جومانجی کے ہیرو ڈوائن جانسن، شہرہ آفاق سیزن گیم آف تھرونز کی اداکارہ ایمیلیا کلارک، سابق امریکی خاتون اول مچلز اوباما بھی موثر ترین افراد کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔