اسلام آباد: (عدیل وڑائچ سے) وزیراعظم عمران خان کی 47 رکنی وفاقی کابینہ میں غیر منتخب ارکان کی تعداد بڑھ کر 16 ہوگئی۔ گزشتہ روز وزارتوں میں ہونے والی ردوبدل کے نتیجے میں 4 منتخب ارکان اسمبلی کی جگہ 3 ٹیکنوکریٹس نے سنبھال لی۔
وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والے نئے ٹیکنوکریٹس میں عبدالحفیظ شیخ، ڈاکٹر ظفر اللہ اور ندیم بابر شامل ہیں۔ ان غیر منتخب ارکان نے ایم این اے اسد عمر، عامر کیانی اور غلام سرور خان کی جگہ لی۔ فواد چودھری کی جگہ وزارت اطلاعات کا قلمدان سنبھالنے والی فردوس عاشق اعوان نے لی جو گزشتہ الیکشن میں کامیاب نہیں ہوسکی تھیں۔
اس وقت وفاقی کابینہ میں وزراء کی تعداد 24 ہے،جس میں 5 وزیر مملکت، 13 معاونین خصوصی اور 5 مشیران بھی کابینہ کا حصہ ہیں۔ معاونین خصوصی میں سے صرف علی نواز اعوان رکن قومی اسمبلی جبکہ یار محمد رند رکن بلوچستان اسمبلی ہیں۔ دیگر غیر منتخب معاونین خصوصی میں شہزاد اکبر، افتخار درانی، نعیم الحق، زلفی بخاری، شہزاد قاسم، عثمان ڈار، یوسف بیگ مرزا اور ندیم افضل چن شامل ہیں۔
عبدالحفیظ شیخ کی شمولیت کے بعد وزیراعظم کے مشیران کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے جو کوئی الیکشن جیت کر نہیں آئے۔ دیگر غیرمنتخب مشیران میں ملک امین اسلم، عبدالرزاق داؤد، شہزاد ارباب اور ڈاکٹر عشرت حسین شامل ہیں۔