کرکٹر حسن علی نے بھارتی لڑکی کو جیون ساتھی بنا لیا

Last Updated On 21 August,2019 03:55 pm

دبئی: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے کرکٹر حسن علی کا دبئی کے مقامی ہوٹل میں نکاح ہو گیا، فاسٹ باؤلر نے بلیک شیروانی پہن رکھی ہے۔ دلہن نے سرخ رنگ کا جوڑا پہنا ہوا تھا۔

دنیا نیوز کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر حسن علی کا بھارتی لڑکی سامعیہ آرزو کیساتھ دبئی میں نکاح ہو گیا، نکاح کے موقع پر حسن علی اور سامعیہ آرزو اکھٹے اسٹیج پر موجود تھے، نکاح کی تقریب میں حسن علی کے والد بھی موجود ہیں۔ نکاح میں فیملی کے علاوہ ، کرکٹر کے دوستوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

 

اس سے قبل کرکٹر جب اپنی بارات لیکر مقامی ہوٹل پہنچے تو انہوں نے بلیک شیروانی پہن رکھی ہے، انہوں نے سر پر سرخ پگڑی بھی باندھ رکھی ہے، شاداب خان اور حسن علی کے دوسرے دوست بھی ہمراہ تھے۔ سپن آل راؤنڈر نے بھی کالے رنگ کی شلوار قمیض پہنی ہوئی تھی۔

فاسٹ باؤلر کی دلہن نے سرخ رنگ کا لہنگا پہن رکھا ہے۔ باقاعدہ رخصتی دو سے تین ماہ بعد ہو گی۔ دونوں گھرانوں کے تقریبا 25 افراد کو مدعو کیا گیا۔ حسن علی اور ان کے اہل خانہ کی 22 اگست کو وطن واپسی کا پلان ہے۔

بھارتی لڑکی سامعیہ سے نکاح کے موقع پر ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے حسن علی اور ان کی اہلیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

 

حسن علی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ غیر شادی شدہ ہونے کا آخری دن، جس کے جواب میں شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار نے دونوں میں عمر بھر کےلئے پیار اور خوشیاں برقرار رہنے کی دعا اور ساتھ ہی اچھی سی دعوت کا مطالبہ بھی کردیا۔

قومی ٹیم کے کرکٹر شعیب ملک نے بھی حسن علی اور ان کی اہلیہ سامعیہ کو شادی پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیشہ خوش رہیں۔ حسن علی بھائی مبارک ہو۔

شاداب خان نے ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میرے یار کی شادی، میری دعا ہے کہ دونوں ہمیشہ خوش رہیں۔
 

 

Advertisement