اسلام آباد: (دنیا نیوز)وزیراعظم عمران خان نے پولیو کے نئے کیسز سامنے آنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا پولیو کا خاتمہ حکومت کی سب سے اہم ترجیح ہے، پولیو آئندہ آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا ہے، وفاقی و صوبائی حکام انسداد پولیو کیلئے موثر آگاہی کیلئے اقدامات اٹھائیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پولیو کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں فوکل پرسن برائے انسداد پولیو پروگرام بابر بن عطا نے بریفنگ دی اور کہا عالمی مانیٹرنگ بورڈ نے 2017-18 میں انسداد پولیو مہم میں خامیوں کی نشاندہی کی، بر وقت خامیاں دور نہ کرنے سے رواں برس پولیو کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا، پولیو کے خاتمے کیلئے چار جہتی نئی حکمت عملی بنائی ہے۔
بابر بن عطا نے پولیو ویکسین سے متعلق من گھڑت افواہوں کے خاتمے کیلئے بھی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا پولیو ویکسی نیشن کیخلاف پراپیگنڈے کے خاتمے کیلئے میڈیا پر آگاہی مہم چلا رہے ہیں۔
انسداد پولیو سے متعلق جائزہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پختونخوا محمود خان، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر ونڈی گلمور، بل اینڈ ملینڈا گیٹس ایسوسی ایشن کے ڈاکٹرٹم پیٹرسن، عالمی ادارہ صحت کی ڈاکٹر پلیتھا گنرستھناما ہیپا لاکی اور یونیسیف کے نمائندہ ڈاکٹر جان اگبر نے شرکت کی۔