اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے کہا ہے والدین کے ذہنوں میں پولیو کے قطروں سے متعلق شکوک وشبہات موذی مرض کے مکمل خاتمے میں رکاوٹ ہیں، والدین کیلئے آگہی مہم چلائیں گے۔
بابر بن عطا نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ رواں سال اب تک پولیو کے 27 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے پولیو ڈراپس کے متعلق خدشات کو دور کرنے کیلئے کچھ نہیں کیا۔
وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف پاکستان کو جان لیوا مرض ہی نہیں، پولیو وائرس سے بھی پاک کرنا ہے کیونکہ جب تک یہ وائرس ختم نہیں ہوتا، بچوں کو موذی مرض کا خطرہ موجود رہے گا۔