بنوں: (دنیا نیوز) بنوں کے علاقے جانی خیل سے ایک اور پولیو کیس سامنے آگیا، 17 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی، بنوں ڈویژن میں پولیو کیسز کی تعداد 13 ہوگئی۔
ادھر ملک بھر میں آج سے خصوصی پولیو مہم کا آغاز ہوگا۔ بابر بن عطا نے کہا ہے کہ والدین جھوٹے پروپیگنڈے سے انکار کریں، بیماری سے بچاؤ کا واحد حل ویکسین ہے۔
محکمہ صحت کوئٹہ کے مطابق کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، ڈیرہ بگٹی، ژوب، خضدار، مستونگ، جعفر آباد، نصیر آباد، لسبیلہ، لورالائی، دکی اور چاغی میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہے جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انسداد پولیو مہم میں 13لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی۔ مہم میں مجموعی طور پر 5368 ٹیمیں شامل ہیں جن میں 4556 موبائل ٹیمیں 362 فکسڈ سائٹ، 322 ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو کا عملہ فرائض انجام دیگا۔ سیکیورٹی کیلئے ایف سی، لیویز اور پولیس کی نفری تعینات کی گئی ہے۔