اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطا کہتے ہیں خدارا والدین پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں ، بچوں کو موذی مرض سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ اور بنوں سے دو نئے پولیو کیسوں کی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ پروپیگنڈے کے شکار والدین کی ضد نے بچے کو قطروں سے محروم رکھا۔ بچوں کی معذوری کے بعد والدین نے ویکسین نہ پلانے کا اعتراف کیا اور کہا کہ وہ بچے کی انگلی پر جعلی نشان لگاتے رہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے کہا ہے کہ کوئٹہ پولیو کیس کی تفصیلات جان کر دکھ ہوا۔ رواں سال 47 پولیو کیسز میں سے اکثریت کو قطرے نہیں پلائے گئے۔ اسی پولیو ویکسین نے مسلم ممالک سمیت پوری دنیا سے وائرس کا خاتمہ کیا۔ خدارا والدین پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔