قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میلہ سجنے کیلئے تیار، کپتان ایونٹ جیتنے کیلئے پر عزم

Last Updated On 12 October,2019 06:14 pm

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا میلہ فیصل آباد میں اتوار سے سجے گا، تمام چھ کپتانوں سرفراز احمد، احمد شہزاد، شان مسعود، سہیل تنویر، محمد رضوان اور عمران فرحت نے اچھی کرکٹ کھیلنے اور جیتنے کا عزم ظاہر کیا۔

دنیا نیوز کے مطابق اقبال سٹیڈیم میں قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ،،، ٹرافی کی تقریب رونمائی ہو گئی، قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا میدان سجنے کیلئے تیار ہے، قومی ہیروز پر مشتمل چھ ٹیمیں فیصل آباد پہنچ گئی ہیں۔ تمام کپتان جیت کے لیے پرجوش ہیں۔ تیرہ سے چوبیس اکتوبر تک جاری رہنے والے قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں بلوچستان ،خیبر پختونخواہ، سنٹرل پنجاب اورسندھ کی ٹیمیں اقبال سٹیڈیم میں مد مقابل ہونگی۔

سندھ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ سری لنکا سے حالیہ شکست پر بات نہیں کرنا چاہتے، ڈومیسٹک کرکٹ سے ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور کھیل کو پروموشن ملے گی، ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ سے دورہ آسٹریلیا کے لیے کھلاڑیوں کے پاس خود کو منتخب کروانے کا بھی موقع ہے

 

سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ قومی ٹیم کے لیے بھی فائدہ مند ہو گا شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، مداحوں سے درخواست ہے کہ سٹیڈیم کا رخ کریں۔

سدرن پنجاب کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ قومی کرکٹ کو نئے سٹار دے گا، شائقین سٹیڈیم آئیں اور میچ دیکھیں، امید ہے کہ گراؤنڈ میں مداحوں کو بھرپور سپورٹ میسر ہو گی۔

بلوچستان کرکٹ ٹیم کے کپتان عمران فرحت کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں شامل ٹیموں میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی ہیں، فیصل آباد کے عوام کو معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

نادرن کرکٹ ٹیم کے کپتان سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں ہمیشہ عوام کرکٹ کو پسند کرتے ہیں اور امید ہے کہ شائقین کی بڑی تعداد میچ دیکھنے آئے گی۔

کے پی کے کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہمیں میچ کے دوران مداحوں سے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ ہر ٹیم میں کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔