قومی ٹیسٹ کرکٹر بابر اعظم ’’کپتان‘‘ بن گئے

Last Updated On 10 October,2019 05:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز بابر اعظم کو مستقبل میں کپتانی کے لیے تیار کرنے کے لیے وسطی پنجاب کی ٹیم کی قیادت مل گئی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل ٹی ٹونٹی کے لیے سینٹرل پنجاب کی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، اس ٹیم میں کپتانی کے فرائض ٹیسٹ کرکٹر بابر اعظم انجام دینگے، سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں ناکام رہنے والےبیٹسمین احمد شہزاد نائب کپتانی کے فرائض انجام دینگے۔

یہ بھی پڑھیں: دوسرے ون ڈے کے دوران بابر اعظم نے ایک اور ریکارڈ گلے لگا لیا

دیگر کھلاڑیوں میں عمر اکمل، کامران اکمل (وکٹ کیپر) رضوان، سعد نسیم، فہیم اشرف شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آخری گیند پر چھکا، بابر اعظم نے انگلش کاؤنٹی میں سنچری جڑ دی

فاسٹ باؤلر حسن علی، نسیم شاہ، وقاص مقصود، احمد بشیر، بلال آصف، ظفر گوہر، عثما ن قادر اور علی شاہ بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا آغاز 13اکتوبر سے فیصل آباد میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: 2019ء: بابر اعظم زیادہ ایوریج سے رنز بنانیوالے دنیا کے دوسرے بیٹسمین بن گئے

یاد رہے کہ حکومت کی طرف سے 9 اگست کو آئین میں ترامیم کی منظوری دیے جانے کے بعد نیا ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر وجود میں آیا۔ پی سی بی کو آئین میں ترامیم کا نوٹیفکیشن 19 اگست کو موصول ہوا تھا۔

نئے سٹرکچر کے مطابق 16 ریجنز کو 6 ایسوسی ایشنز میں ضم کردیا گیا ہے۔ سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن میں کراچی، حیدرآباد اور لاڑکانہ کے ریجنز شامل ہیں۔ بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن میں ڈیرہ مراد جمالی اور کوئٹہ شامل ہیں۔ جنوبی پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن میں ملتان اور بہالپور کے ریجنز شامل ہیں۔

وسطی پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن میں فیصل آباد، سیالکوٹ اور لاہور شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا کرکٹ ایسوسی ایشن میں پشاور، فاٹا اورایبٹ آباد شامل ہیں۔

شمالی کرکٹ ایسوسی ایشن میں اسلام آباد، راولپنڈی اور آزاد جموں و کشمیر کے ریجنز شامل ہیں۔ چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں پی سی بی کے زیراہتمام ٹورنامنٹس میں شرکت کریں گی۔

ملک بھر میں قائم 6 ہائی پرفارمنس سینٹرز کھلاڑیوں کو معیاری کرکٹ، طرز زندگی اور کھیل میں جدت رکھنے والے تمام ہنر سکھانے میں مدد دیں گے۔