دورہ آسٹریلیا: سرفراز احمد کو ٹی ٹونٹی کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

Last Updated On 11 October,2019 10:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ذلت آمیز شکست کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورۂ آسٹریلیا کیخلاف قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ٹیسٹ کی قیادت سینئر بیٹسمین اظہر علی کے حصے میں آنے کا امکان ہے۔

عالمی نمبر ایک پاکستان کی سری لنکا کے خلاف سیریز میں مایوس کن کارکردگی اور سیریز میں 0-3 کی کلین سوئپ شکست کے باوجود سرفراز احمد قیادت بچانے میں کامیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹونٹی کپ: نوجوان پلیئرز بہترین کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں کھیلنے کے خواہشمند

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے دورہ آسٹریلیا پر ٹی20 سیریز کے لیے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ٹیسٹ فارمیٹ میں ان کی جگہ قیادت اظہر علی کے سپرد کی جا سکتی ہے۔

سری لنکا کے خلاف سیریز میں ناکامی کے باوجود سابقہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی اور ٹیم مینجمنٹ سرفراز احمد کو بطور کپتان ایک اور موقع دینے کے حق میں ہیں اور اسی وجہ سے انہیں کپتان کے منصب پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

البتہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں کم بیک کے بعد مایوس کن کارکردگی دکھانے والے عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ تجربہ کار محمد حفیظ اور شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

ابھی تک ٹیم کو حتمی شکل نہیں دی گئی لیکن دونوں سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ قومی ٹی20 کپ میں نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی کو بھی مدنظر رکھا جائے گا اور اس ایونٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹی20 اسکواڈ کا اعلان نیشنل ٹی20 ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے اختتام پر کیا جائے گا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز 3نومبر سے شروع ہو گی۔