ٹی ٹونٹی کپ: نوجوان پلیئرز بہترین کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں کھیلنے کے خواہشمند

Last Updated On 11 October,2019 05:42 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹی ٹونٹی کپ کا آغاز رواں ماہ ہو رہا ہے، ایونٹ کے دوران نوجوان کھلاڑی شاندار کارکردگی دکھا کر پی ایس ایل اور دورۂ آسٹریلیا میں ٹیم کی نمائندگی کیلئے پر عزم ہیں۔

قائداعظم ٹرافی کی طرح 13 سے 24 اکتوبر تک جاری رہنے والا ٹی ٹونٹی کپ بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو قومی سطح پر نمایاں کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔اس دوران نوجوان کھلاڑی توجہ کا مرکز ہونگے۔ ان کھلاڑیوں میں عادل امین بھی شامل ہیں، جو آل راؤنڈر ہیں۔

حالیہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بیٹنگ اور باؤلنگ میں اپنا جادو جگا رہے ہیں، قائداعظم ٹرافی میں 70.33 کی اوسط سے 211 رنز بنائے۔ 4 اننگز میں 3 نصف سنچریاں سکور کرنے والے آل راوٴنڈر نے ایونٹ کے پہلے مرحلے کے دوران اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو بھی آوٴٹ کیا۔ ان کی خصوصیت اننگز کے وسط میں ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دینا ہے۔ پختونخوا کے اوپنرز فخرزمان اور صاحبزادہ فرحان کے بعد مڈل آرڈر میں کپتان محمد رضوان اور افتخار احمد کاساتھ دستیاب ہوگا۔

گزشتہ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں عادل امین نے فاٹا کی نمائندگی کی اور 6 اننگز میں 105 کے سٹرائیک ریٹ سے 147 رنز سکور کیے تھے۔ مجموعی طور پر آل راوٴنڈر اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کے دوران 42 میچوں میں 111 کی سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 794 رنز بناچکے ہیں۔

دوسرے کھلاڑیوں میں نسیم شاہ ہیں جو سنٹرل پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں، 16 سال کی عمر میں ہی ٹیم میں کھیلنے کا خواب آنکھوں میں سجائے ہوئے ہیں۔ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں ٹی ٹونٹی کپ میں پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلیں گے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹی ٹونٹی ڈیبیو کے منتظر باولر اپنی تیز رفتار باوٴلنگ کے باعث حریف کھلاڑیوں کیلئے خطرہ ثابت ہونگے۔

پی سی بی انڈر 16 ڈویلمپنٹ پروگرام کی دریافت نسیم شاہ نے قائداعظم ٹرافی میں سنٹرل پنجاب کی جانب سے فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔ 3 میچوں میں 26 کی اوسط سے 9 وکٹیں حاصل کیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ابتدائی اسکواڈ میں شامل تھے، انجری کی باعث ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکے تھے، تاہم 16 سالہ فاسٹ باوٴلر نے انجری سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف قومی انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 5 میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے خود کو بہترین ٹاپ آرڈر بیٹسمین کی حیثیت سے منوانے والے احسان علی کو قومی ٹی ٹونٹی کپ کے لیے سندھ کی سیکنڈ الیون سے فرسٹ الیون کرکٹ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ 25 سالہ کرکٹر نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن کی 8 اننگز میں130 سے زائداسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 178 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔ احسان علی نے قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے آخری تین روزہ میچ میں سنٹرل پنجاب کے خلاف سنچری اسکور کرچکے ہیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن میں فاسٹ باوٴلر حارث روٴف نے کراچی کنگز کے خلاف میچ میں تیز رفتار باوٴلنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو روایتی حریف کیخلاف میچ میں کامیابی دلائی تھی۔ 10 میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کرنے والے حارث روٴف نیپاکستان کپ کے 4 میچوں میں بھی 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ فیصل آباد میں شیڈول ایونٹ حارث روٴف کا پہلا ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی کپ ہوگا۔اس سے قبل نوجوان فاسٹ باوٴلر قائداعظم ٹرافی کے پہلے مرحلے کے 2 میچوں کی 3اننگز میں6 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ حارث روٴف ڈومیسٹک سیزن سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ایمرجنگ کیمپ کا حصہ رہ چکے ہیں۔

 

29 سالہ آلراوٴنڈر عامر یامین پاکستان کی جانب سے 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں شرکت کر چکے ہیں۔ آل راوٴنڈر نے نومبر 2015 میں اپنے ڈیبیو میچ کی پہلی گیند پر انگلینڈ کے جارحانہ مزاج بلے باز جیسن رائے کوآوٴٹ کیا تھا۔انہوں نے اپنا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ جنوری 2018 میں کھیلا۔ قائداعظم ٹرافی میں سدرن پنجاب فرسٹ الیون ٹیم کی نمائندگی کے دوران عامر یامین بھرپور فارم میں ہیں۔

سندھ کے خلاف 142 رنز کی شاندار اننگز کے بعد 57 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے عامر یامین نے سدرن پنجاب کی ایونٹ میں تاحال واحد جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ عامر یامین نے ایونٹ کے پہلے مرحلے میں 72 سے زائد اوسط کے ساتھ 291 رنز سکور کیے۔ آل راوٴنڈر ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ وہ اب تک اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر میں 51 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

اننگز کے اختتامی 10 اوورز میں بہترین باوٴلنگ کرنے والے عماد بٹ بلوچستان کی جانب سے شائقین کرکٹ کی توجہ کا محور ہوں گے۔ 29 ٹی ٹونٹی میچوں میں 19 کی اوسط سے 39 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے پیسر عماد بٹ بیٹنگ میں بھی نمایاں صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 5 نصف سنچریاں سکور کرنے والے آل راوٴنڈر نے آخری نصف سنچری قائداعظم ٹرافی 20-2019 کے دوسرے راوٴنڈ میں سدرن پنجاب کے خلاف سکور کی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن میں آلراوٴنڈر عماد بٹ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 میچوں میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔ عمر گل جیسے تجربہ کار فاسٹ باوٴلر کی موجودگی میں عماد بٹ قومی ٹی ٹونٹی کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کا ارادرہ رکھتے ہیں۔