ملتان: (دنیا نیوز) سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ سرفراز احمد نے اچھی کپتانی کی، ٹیم کو بہتر طریقے سے لے کر چلا، یہ عارضی چیزیں ہیں، صحیح ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے حوالے سے عوام کو تھوڑا صبر کرنا اور حکومت کو وقت دینا چاہیے۔
سابق قومی کرکٹر شاہد آفریدی بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے پنجاب کے دس روزہ دورے کے لیے ملتان پہنچے جہاں ائیرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلاحی کام کے لیے پنجاب میں جہاں جہاں جاؤں تعاون کی اپیل کرتا ہوں۔ فلاحی منصوبہ کا مقصد لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے ساری لڑکیاں سکول جائیں کروڑوں بچے سکول سے باہر ہیں۔ خاص طور پر بچیاں سکول نہیں جا سکتیں۔ معاشرہ بیٹیوں اور خواتین سے چلتا ہے، انہیں تعلیم دلوانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں میرا دس دن کا سفر ہے۔