آسٹریلیا سے شکست پرسوشل میڈیا صارفین کا سخت ردعمل، سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے پر تنقید

Last Updated On 06 November,2019 04:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ میں سب کچھ بدل گیا لیکن قسمت ہار سے جیت نہ بدل سکی، آسٹریلیا کے ہاتھوں سات وکٹ کی ناکامی نے سوشل میڈیا پر میدان لگا دیا، سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ آڑے ہاتھوں لیا گیا، میئر کراچی وسیم اختر نے بھی سخت ردعمل کے ساتھ انٹری ڈالی۔

قومی ٹیم کا دورہ آسٹریلیا ڈراؤنا خواب بننے لگا، سڈنی میں تو بارش نے عزت بچا لی، کینبرا کے ٹی 20 میں سات وکٹ کی شکست ہوئی۔ سوشل میڈیا پر صرف ہیش ٹیگ سرفراز سپر ہٹ، چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کے انتخاب پر انگلی اٹھا دی گئی۔

اس ہار پر کرکٹ دیوانے گویا دل ہار گئے، سوشل میڈیا پر خوب غبار نکالا، پرانی تصاویر پر نئے کمنٹس لکھ کر گویا منیجمنٹ کے زخموں پر نمک چھڑک دیا۔ لکھا کہ سرفراز کو ہٹا کر بھی نتیجہ ناکامی ہے، سیاسی میدان کے کھلاڑی میئر کراچی وسیم اختر نے بھی اپنی انٹری ڈالی۔

ایک منچلے نے تو مصباح الحق کے فیصلے کو چیلنج کر دیا، کسی نے تو ناکامی کی اس تلخی کو تلخ یاد سے جوڑا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ آٹھ نومبر کو شیڈول ہے جس پر کرکٹ ماہرین ہی نہیں بلکہ شائقین کی بھی نظریں جم گئی ہیں۔