کراچی: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق ہے، عالمی برادری کو چاہیے وہ مقبوضہ وادی میں کرفیو اٹھانے اور جبری پابندیوں کو ختم کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔
پاک فضائیہ کی سونمیانی فائرنگ رینج میں فائر پاور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، پاکستان پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے، ملکی فضائی سرحدوں کی نگرانی میں پاک فضائیہ کا کلیدی کردار ہے، ملکی دفاع اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
پاک فضائیہ کی سونمیانی فائرنگ رینج میں فائر پاور کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جے ایف 17 تھنڈر نے تاک تاک کر اہداف کو نشانہ بنایا اور دشمن پر لرزا طاری کیا، ایف 16، میراج طیاروں کے ہوا بازوں نے بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور اہداف کو تباہ کیا۔ ائیروبیٹکس ٹیم کی شیر دل فارمیشن نے شرکا کے دل موہ لئے۔
تقریب میں صدر پاکستان عارف علوی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں مہمانوں کو فائرنگ رینج کا معائنہ بھی کرایا گیا اور بریفنگ دی گئی۔