اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج شام پانچ بجے اسلام آباد میں ہوگا، صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے جس کے بعد باضابطہ طور پر دوسرے پارلیمانی سال کا آغاز ہوگا۔
آج ہونے والے اجلاس میں ملکی حالات، بھارتی اقدامات، کشمیر میں جاری مظالم، خطے کے ممالک سے تعلقات صدر مملکت کے خطاب کا حصہ ہوں گے۔ صدر مملکت حکومت کے پہلے سال کی کارکردگی کا احاطہ کرنے کے ساتھ آئندہ سال کے اہداف کا عزم بھی ظاہر کریں گے۔
اجلاس میں شرکت کے لئے اہم شخصیات کو خصوصی دعوت نامے بھی بھجوا دیئے گئے۔ مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لئے چاروں صوبائی وزرائے اعلی، گورنرز کو مدعو کیا گیا ہے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان کو بھی دعوت دی گئی۔
صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر، گورنر و وزیراعلی گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سفراء کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لئے صرف خصوصی دعوت ناموں کے حامل افراد اور خصوصی سٹکرز والی گاڑیوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔ اس موقع پر ریڈ زون میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔