ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فارم بحال کرنے میں کامیاب ہو جاؤنگا: فخر زمان

Last Updated On 18 November,2019 08:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کا کہنا ہے کہ مانتا ہوں میری پرفارمنس ٹھیک نہیں، ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنی کھوئی ہوئی فارم بحال کرنے میں کامیاب ہو جاؤنگا۔ آئندہ سال ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک اپنی خامیوں کو دور کرنے میں کامیاب ہوجائوں گا۔

یاد رہے کہ فخر زمان نے آخری 10 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں صرف 85 رنز ہی بنائے اور 10ماہ سے ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں بھی ناکام ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خراب کارکردگی کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں اور فارم کی بحالی کے لیے قائد اعظم ٹرافی میچز کھیلنے میں مصروف ہیں ۔

کراچی کے یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ اپنی کارکردگی سے خود مطمئن نہیں ہیں ۔ کئی غلطیاں اور خامیاں سامنے آئی ہیں جنہیں دور کرنے کی اشد ضرورت ہے ، اسی لیے ٹرافی کے 4 روزہ میچز کھیل رہا ہوں تاکہ اعتماد اور پرفارمنس دونوں واپس آئے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تسلیم کی کہ انہیں بطور اوپنر وکٹ پر دیر تک رکنے عادت ڈالنا ہوگی اسی لئے چار روزہ میچ کھیل کر وہ وکٹ پر رک کر کھیلنے کی کوشش کریں گے تاکہ نہ وہ صرف ٹیسٹ ٹیم میں واپس آ سکیں بلکہ ٹی ٹوئنٹی میں بھی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔

فخر زمان نے کہا کہ اگر وہ اچھا نہیں کھیلیں گے تو ٹیم میں جگہ بنانامشکل ہوجائے گا ، وہ ان دنوں برے وقت سے گزر ررہے ہیں اور اپنی خراب پرفارمنس پر کوئی جواز پیش نہیں کریں گے۔ سیدھی اور صاف بات ہے کہ میں برا کھیل رہا ہوں اور وقت آگیا ہے کہ اپنی خامیوں کو دور کروں ۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا میں انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ،آئندہ سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھی آسٹریلیا میں ہی ہے ،پورا ایک سال ہے کوشش ہوگی کہ ورلڈ ٹی 20 میں پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بنی ۔