آسٹریلیا میں باؤنسی وکٹیں بیٹسمینوں کے لیے آسان نہیں ہوتی: بابر اعظم

Last Updated On 15 November,2019 04:37 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹیسٹ کرکٹ میں قومی ٹیم کے سینئر بیٹمسن بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹور میچ کے دوران جتنی لمبی اننگز کھیلیں اتنا ہی اچھا ہے۔

میچ کے بعد بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلے اور دوسرے ٹور میچ کے دوران بیٹنگ کرنے سے ہمیں بہت زیادہ مدد ملی ہے۔ کوشش ہے جتنی لمبی باری کھیلی جائے اتنا ہی ٹیم کے لیے اچھا ہے۔

ٹی ٹونٹی کے کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں پچز تھوڑی مختلف ہوتی ہیں جو بیٹسمینوں کے لیے آسان نہیں ہوتی۔ ہم نے ٹور میچ کے دوران بیٹنگ اور پریکٹس پچز کو دیکھتے ہوئے بیٹنگ کر رہے ہیں۔ قومی ٹیم کی باؤلنگ اور بیٹنگ اچھا پر فارم کر رہی ہے، نوجوان کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف میچ کے حوالے سے قومی ٹیم کے بیٹسمین کا کہنا تھا کہ میں اپنے پلان کے مطابق کھیلوں گا، کوشش ہے کہ مثبت کرکٹ کھیلیں۔ میری کوشش ہے کہ جیسے میری فارم لگی ہوئی ہے اسی طرح بیٹنگ کرتا رہوں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ نوجوان فاسٹ باؤلرز بہت اچھی باؤلنگ کر رہے ہیں اس کا فائدہ آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں کوئی بھی چیز مشکل نہیں تاہم یہاں پر پچز میں باؤنس زیادہ ہوتا ہے جس کے لیے ہمیں تھوڑا انتظار کر کے کھیلنا ہوتا ہے۔ کینگروز کے پاس دنیا کے بہترین باؤلرز موجود ہیں۔ وہ اپنے ملک میں بہترین باؤلنگ کرنا کا ہنر جانتے ہیں۔