بابر اعظم، کوہلی اور سٹیو سمتھ کے جوڑ کے کھلاڑی ہیں: مائیکل ہسی

Last Updated On 13 November,2019 01:34 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ماضی کے عظیم آسٹریلوی کرکٹر مائیک ہسی نے پاکستانی ٹی ٹونٹی کے کپتان بابر اعظم کو بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور سابق کینگروز سٹیو سمتھ کے ہم پلہ قرار دیدیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بابر اعظم بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور آسٹریلیا کے سابق کپتان سٹیو سمتھ کے ہم پلہ ہیں۔ آسٹریلیا اے کے خلاف ٹور میچ میں شاندار سنچری نے دل جیت لیے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین روزہ ٹور میچ جاری ہے، میچ کے پہلے روز پاکستانی کرکٹ ٹیم کی رنز مشین بابر اعظم نے شانداری سنچری داغی اور ریٹائرڈ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 197 گیندوں پر 157 رنز کی باری کھیلی۔

سابق مسٹر کرکٹر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی اننگز کے دوران ان کی ٹائمنگ بہت ہی شاندار ہے۔ مجھے یقین ہے کہ پاکستانی پلیئر کا شمار دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہو گا۔

مائیکل ہسی کا مزید کہنا تھا کہ میں ایماندارانہ طور پر بتا سکتا ہوں کہ بابر اعظم کی تکنیک بہت ہی اعلیٰ ہے، ان کا شمار دنیا بھر کے بہترین بلے باز ویرات کوہلی، سٹیو سمتھ، کین ولیمسن، جوئے روٹ کی طرح جلد ہو گا۔

سابق آسٹریلوی رنز مشین کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی بابر اعظم نے جس طرح کی اننگز ٹور میچ کے دوران کھیلی میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اس طرح کی ایک اور اننگز وہ آئندہ میچوں میں دکھا دیتے ہیں تو یہ بہت ہی بہترہو گا۔ میں اتنا کہنا چاہتا ہوں، بابر شاندار بیٹسمین ہیں بلکہ بہت ہی شاندار بیٹسمین ہیں۔

یاد رہے کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹی ٹونٹی کی کپتانی کے فرائض سر انجام دینے والے پاکستانی کپتان بابر اعظم نے تین میچز کی سیریز میں دو ففٹیاں بنائی تھیں۔