پرتھ: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو ہرا کر سیریز 0-2 سے جیت لی، گرین شرٹس کی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، افتخار احمد کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔
پاکستان کی اننگز۔۔۔۔۔
قومی ٹیم نے پہلے اننگز کا آغاز کیا، پہلے دو ٹی ٹونٹی میں ناکام رہنے والے فخر زمان کی جگہ امام الحق کو ٹیم میں کھلایا گیا، بابر اعظم کے ساتھ انہوں نے اوپننگ کا آغاز کیا، تاہم تیسرے اوورز میں کپتان 7گیندوں پر 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، مچل سٹارک نے ایل بھی ڈبلیو کیا،اس سے اگلی گیند پر فاسٹ باؤلر نےمحمد رضوان کو صفر پر شاندار گیند پر بولڈ کر دیا۔
22 کے مجموعی سکور پر امام الحق 14 رنز بنا کر ایبٹ کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ حارث سہیل کی اننگز 8 رنز تک محدود رہی۔ اس دوران مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد نے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا۔
افتخار احمد نے اننگز کے دوران جارحانہ انداز اپنایا۔37 گیندوں پر 45 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، دیگر کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر نہ ٹک سکا، ٹی ٹونٹی میں ڈیبیو کرنے والے خوشدل شاہ 8، عماد وسیم 6، شاداب خان 1، بنا سکے۔
محمد عامر اور محمد حسنین 9اور 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، قومی ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 106 رنز بنا سکی۔ رچرڈ سن نے تین، ایبٹ اور مچل سٹارک نے دو دو شکار کیے۔
آسٹریلیا کی اننگز۔۔۔۔۔۔
کینگروز کی طرف سے اننگز کا آغاز کپتان ارون فنچ اور ڈیوڈ وارنر کیا، دونوں نے ابتداء سے جارحانہ انداز اپنایا، ان کی باری کااس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے پہلے 10 اوورز میں ہی 96 رنز بنا لیے تھے۔
قومی ٹیم کی بیٹنگ کی طرح باؤلنگ بھی ناکام رہے۔ آسٹریلیا نے ہدف 12 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ کپتان ارون فنچ 52 جبکہ ڈیوڈ وارنر 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ بارش کے باعث ڈرا ہو گیا تھا، اس طرح یہ سیریز کینگروز نے 0-2 کیساتھ جیت لی۔ اس سے قبل بھی پاکستان کو سری لنکا کے ہاتھوں ٹی ٹونٹی میں کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔