پاکستان نے بنگلا دیشی انڈر 16 ٹیم کو پہلے ون ڈے میں آؤٹ کلاس کر دیا

Last Updated On 05 November,2019 02:06 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے بنگلا دیش کی انڈر 16 ٹیم کو پہلے ون ڈے میں 99 رنز سے آؤٹ کلاس کر دیا۔

گرین شرٹس کی طرف سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا، پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز محمد شہزاد اور علی حسن نے کیا ، دونوں نے پر اعتماد بیٹنگ کا آغاز کیا۔

پاکستانی اوپنرز کے درمیان 66 رنز کی پارٹنر شپ بنی، 66 کے مجموعی سکور پر علی حسن 30 رنز بنا کر احسن حبیب کا شکار بن گئے، عباس علی صفر پر احسن حبیب کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

اسیر مغل نے 40 گیندوں پر 18 رنز بنائے، ان کو عامر حسنین آصف نے آؤٹ کیا، اس دوران محمد شہزاد نے 53 گیندوں پر 40 سکور کی باری کھیلی اور عرفات الاسلام کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

 

مڈل آرڈر بیٹسمین ابرار افضل خان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور قومی ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، تاہم دوسرے اینڈ پر موجود کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹک سکا، محمد وقاص 17، منیب واصف 27، احمد خان 13، عالیان محمود 4، خالد خان نے 7 رنز کی باری کھیلی۔

ابرار افضل نے 70 گیندوں پر 53 سکور کی باری کھیلی، علی اسفند 4 سکور پر ناٹ آؤٹ رہے، قومی ٹیم نے 49.2 اوورز میں 231 رنز بنائے۔ احسن حبیب، شمس الاسلام نے 3.3 شکار کیے۔

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا۔ 4 کے مجموعی سکور پر تنبیر عالم 3 رنز پر منیب واصف کا شکار بن گئے، نعیم احمد 0، حسین صیام 2 اور منہاج الحسن 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس دوران عامر حسین آصف اور توحیدالاسلام نے بیٹنگ کو سہارا دیا تاہم عامر حسنین آصف ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر باہر چلے گئے، دیگر بیٹسمینوں میں عرفات اسلام 1، احسن حبیب 10، شمس الاسلام 3، زمان نے 14 سکور کی باری کھیلی۔

توحیدالاسلام نے 79 گیندوں پر 43 سکور کی باری کھیلی، بنگلا دیش کی پوری ٹیم 132 رنز پر ڈھیر ہو گئی،پاکستان کی طرف سے منیب واصف نے 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، علی اسفند کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔