لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل ون اور ٹو میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ مجموعی طور پر 59 کروڑ 30 لاکھ کی بے ضابطگیاں کی گئیں۔
ایف آئی اے میں جمع کرائی گئی سپیشل آڈٹ رپورٹ میں جو 38 آڈٹ پیراز بنائے گئے ہیں ان میں سے پانچ میں مجموعی طور پر 59 کروڑ 30 لاکھ روپے کی بے ضابطگیوں کی جانب اشارہ کیا گیا ہے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے فرنچائز کو سنٹرل پول انکم کی مد میں 248.616 ملین اضافی ادا کئے جبکہ اس حوالے سے کسی قانون اور ضابطے کو مد نظر نہیں رکھا گیا۔ فنانشل رولز بنائے بغیر پی ایس ایل کے وینڈرز کو 246.045 ملین کی ایڈوانس رقم کی ادائیگی کی گئی جبکہ اس ضمن میں قانون کے برخلاف کوئی بینک گارنٹی بھی نہیں لی گئی۔ 5فرنچائز سے آمدن میں بننے والا حصہ 54.490 ملین وصول نہیں کیا گیا۔