لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل 2020ء کیلئے مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کی تجدید کا عمل مکمل کر لیا گیا، 2 مرحلوں پر مشتمل تجدید کے عمل میں تمام فرنچائز کے نمائندگان نے شرکت کی۔
قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی پلاٹینم کٹیگری کا حصہ بن گئے، پلاٹینم کٹیگری میں عماد وسیم، حسن علی اور شاداب خان سمیت 14 مقامی کرکٹرز شامل ہیں۔
امام الحق، حارث سہیل اور آصف علی کو ڈائمنڈ کٹیگری میں شامل کیا گیا، کھلاڑیوں کی کٹیگریز میں تجدید کے عمل میں تمام فرنچائزز کے ایک ایک نمائندے نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔
پلیئر ایکوزیشن اور منیجمنٹ کے سربراہ عمران خان اور قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے کوآرڈینٹر ندیم خان نے کھلاڑیوں کی فہرست کو حتمی شکل دی۔
پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کی بنیادی کٹیگری گولڈ مقرر کی گئی ہے۔ نئے قوانین کے مطابق ہر ٹیم گزشتہ ایڈیشن میں شامل زیادہ سے زیادہ 8 کھلاڑیوں کو آئندہ ایڈیشن کے لیے برقرار رکھ سکتی ہے۔ تجدید کا عمل مکمل ہوتے ہی آئندہ ایڈیشن کے لیے تمام ٹیموں میں کھلاڑیوں کی ریکروٹمنٹ کا عمل شروع کر دیا گیا۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ء کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے، ایونٹ کا شمار دنیا کی بہترین ٹی ٹونٹی لیگز میں ہوتا ہے، آئندہ سال فروری سے شروع ہونے والے ایونٹ میں مداحوں کو دنیا بھر کے بہترین کرکٹرز ایکشن میں دکھائی دیں گے۔