کراچی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کا موقع پاکستان کیلئے خوشی کا باعث ہے۔
کراچی نیشنل سٹیڈیم میں میڈیا سے خصوصی گفتگو میں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائنل کا موقع پاکستان کیلئے خوشی کا باعث ہے۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی۔ کراچی نے پی ایس ایل کی میزبانی کی۔ انہوں نے دوبارہ اس عزم کو دوہرایا کہ ہمارے ملک میں کوئی بگاڑ پیدا نہیں کر سکتا۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے کراچی میں پی ایس ایل فائنل کھیلنے والی پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پیغام میں کراچی کے لئے مخصوص لفظ عروس البلاد کے ساتھ پاکستان زندہ باد بھی تحریر کیا اور ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں شاہد آفریدی، سرفراز احمد، ڈیرن سیمی اور کیرن پولارڈ سمیت دیگر کھلاڑی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے نظر آ رہے ہیں۔
میجر جنرل آصف غفور نے روشنیوں کے شہر میں پی ایس ایل فائنل کھیلنے والی ٹیموں کیلئے گڈ لک یعنی نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا ہے۔