پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک اور ’’یاسر شاہ‘‘ مل گیا

Last Updated On 12 November,2019 11:47 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک اور ’’یاسر شاہ‘‘ مل گیا۔ نئے لیگ سپنر کا تعلق بھی خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی سے نکلا۔

مسلسل دو سال نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ریموٹ ایریاز پروگرام میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیگ سپنر محمد اسد کو قومی ایمرجنگ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 12 سے 23 نومبر تک بنگلا دیش میں شیڈول ہے۔

نوجوان سپنر محمد اسد کا تعلق خیبر پختونخواہ کے شہر صوابی سے ہے۔ 19 سالہ لیگ سپنر محمد اسد کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی صوابی کی سر زمین سے ایک بہترین لیگ سپنر قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں، قومی ٹیسٹ کرکٹر یاسرشاہ کا تعلق بھی کے پی کے کے شہر صوابی سے ہی ہے۔

چند سال قبل ہی اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کرنےالے محمد اسد بھی اپنے علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک مثال بننا چاہتے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ وہ ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں اپنی کارکردگی سے لیگ سپن باؤلنگ میں صوابی شہر کے مقام میں مزید اضافہ کریں۔

محمد اسد نے اپنے کیریئر کا آغاز 2017ء میں کیا، کے پی کے کےصوبائی دارالحکومت پشاور سے 100 کلو میٹر دور واقع صوابی میں محمد اسد گگلی بوائے کے نام سے مشہور ہیں۔

این سی اے ریموٹ ایریاز پروگرام 2017ء اور 2018ء میں ٹرائلز کے دوران اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد اسد انڈر 19 ریجنل کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایبٹ آباد کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔

لیگ سپنر محمد اسد قومی ٹیسٹ کرکٹر ٹیم کے اہم رکن یاسر شاہ کے مداح بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوابی میں یاسر شاہ اکیڈمی میں پریکٹس کے دوران ان کی صلاحیتوں میں خاطر خواہ نکھار آیا ہے،لیگ سپنر میرے پسندیدہ باؤلر ہیں، اور وہ ان کی طرح پاکستان کے لیے نام کمانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈمی میں ٹریننگ کے دوران یاسر شاہ نے انہیں مفید مشورے دیئے جس پر وہ عمل پیرا ہیں۔ میرے پاس لیگ سپین کی تمام ورائٹیز موجود ہیں تاہم ان کا اصل ہتھیار گگلی ہے۔

19 سالہ سپنر کا کہنا تھا کہ بچپن سے ہی کرکٹ کا شوق تھا وہ اپنے کزن کے ہمراہ روز کرکٹ کھیلنے گراؤنڈ کے لیے سامان باندھ لیتے تھے، کھیل سے لگن میں وہ اپنے آبائی علاقے کے میدانوں میںدن بھر 6.6 گھنٹے باؤلنگ پریکٹس کرتا تھا، لیگ سپن کا آرٹ سیکھنے میں نے شین وارن کی ویڈیوز کا بھی سہارا لیا۔