پشاور: (دنیا نیوز) افغانستان کو آٹے کی ترسیل شروع ہونے کے بعد خیبر پختونخوا میں آٹے کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ پنجاب سے سپلائی بھی جزوی طور پر بند ہے جس کی وجہ سے کے پی میں آٹے کے بحران کا خدشہ ہے۔
خیبرپختونخوا میں پنجاب سے آٹے کی سپلائی بند ہو گئی، آٹا ڈیلروں کے گودام خالی ہونے لگے، سپلائی جزوی طور پر بند ہونے سے صوبے میں آٹے کی قلت کے خدشات بڑھ گئے۔
آٹا ڈیلروں کے مطابق مارکیٹ میں 85 کلو آٹے کی بوریاں بھی ناپید ہو گئی ہیں، پنجاب سے آٹے کی سپلائی بند ہونے سے تاجر بھی پریشان ہیں، کہتے ہیں افغانستان کو ترسیل بند کرنے سمیت پنجاب سے آٹے کی سپلائی پرعائد جزوی پابندی ختم کی جائے۔
پشاورمیں آٹے کا 20 کلو تھیلہ 850 سے ایک ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ 85 کلو بوری کی قیمت میں بھی 900 روپے تک اضافہ ہوا ہے، قیمتوں میں اضافے سے شہری بھی دوہری اذیت میں مبتلا ہو گئے۔
پشاورمیں صوبے کی سب سے بڑی آٹا مارکیٹ رام پورہ گیٹ میں گوداموں میں پڑے آٹے کے ذخائر میں بھی کمی واقع ہو رہی ہے اور صرف دو دن کا ذخیرہ رہ گیا ہے۔