ٹانک: دیرینہ دشمنی پر دو گروپوں میں فائرنگ، 15 افراد قتل، متعدد زخمی

Last Updated On 18 October,2019 08:29 am

ٹانک: (دنیا نیوز) فائرنگ کا کیہ واقعہ ٹانک کے نواحی گاؤں میں پیش آیا جہاں دیرینہ دشمنی پر دو گروپوں کی لڑائی میں 15 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، متعدد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ علاقے میں شدید کشیدگی ہے۔

ڈی سی ٹانک فہد وزیر نے میڈیا کو واقعے کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ انعام مروت اور بیٹنی گروپ میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق انعام گروپ نے عام شہریوں کو بھی نشانہ بنایا۔

ڈی سی ٹانک نے کہا کہ انعام گروپ کو جہاں بیٹنی قبیلے کا شخص نظر آیا، اس پر فائرنگ کی گئی، پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے جبکہ خود بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے۔ ہسپتال میں زخمیوں کو مکمل طبی امداد دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں گروپوں کے مابین بیس سال سے تنازع چلا آ رہا ہے، اس واقعے کے بعد تاحال کوئی گرفتاری نہیں کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ٹانک فائرنگ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فائرنگ کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

 

انہوں نے سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے انھیں جلد ازجلد قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے جائے وقوع پر پولیس نفری اور دیگر امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے جبکہ ہسپتال اور ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کیلئے ایمرجنسی طبی سہولیات فوری فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔