کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے تھانہ برگیڈ کے قریب واقع گھر سے 20 سالہ ارم بیبی کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی، ابتدائِی تفتیش کے مطابق لڑکی کو گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔ ادھرسی ٹی ڈی کی حب ریور روڈ پر ٹارگٹڈ کارروائی میں بین الصوبائی کرمنل گروپ کا کارندہ زرخان لغاری عرف گل حسن بگھٹی گرفتارکر لیا گیا۔
کراچی کے علاقے تھانہ برگیڈ کے قریب سینیا لائن گھر کے اندر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت 20 سالہ ارم بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائِی تفتیش میں لڑکی کو گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔ مقتولہ کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے گلے پر ناخںوں کے نشانات تھے، مقتولہ کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی۔ اس کا شوہر شہباز گارمنٹس کے کارخانے میں کام کرتا ہے۔ مقتولہ کے شوہر اور قریبی رشتے داروں کے بیانات قلمبند کئے گئے ہیں جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں۔
ادھرسی ٹی ڈی نے حب ریور روڈ پر ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی کرمنل گروپ کا کارندہ زر خان لغاری عرف گل حسن بگھٹی کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم حب پولیس کے اے ایس آئی امداد اور منگھوپیر کے ہیڈ کانسٹیبل حنیف کے قتل میں مطلوب ہے۔ ملزم سے دوران گرفتاری دو الگ الگ قومی شناختی کارڈ بر آمد ہوئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم بلوچستان پولیس اور سندہ پولیس کو قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلہ اور ڈکیتی جیسے مقدمات میں مطلوب تھا۔ ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے متعلقہ تھانہ جات کو اطلاع دی جا چکی ہے۔