گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) حکومت کے ایف آئی آر کے فوری اندراج کے دعوے صرف دعوے ہی ثابت ہوئے، گوجرانوالہ پولیس کے ٹھکرائے 7 ہزار 9 سو آٹھ شہریوں نے مقدمات کے اندراج کے لیے عدالتوں کا رخ کر لیا۔
سال رواں کے پہلے 9 ماہ کے دوران لاقانونیت کا شکار ہونے والے گوجرانوالہ کے 7 ہزار 908 شہریوں نے قانونی داد رسی کے لیے گوجرانوالہ پولیس سے رجوع کیا لیکن ایف آئی آرز کے عدم اندراج کے سبب انہیں مقامی عدالتوں کا رخ کرنا پڑا۔
جوڈیشل افسران نے 7 ہزار سے زائد درخواستیں نمٹا دیں اور ساڑھے 5 ہزار سائلین کی درخواستوں پر پولیس کو ایف آئی آرز کے اندراج کے احکامات جاری کر دیئے۔
ایف آئی آرز کے اندراج کے حوالے سے گوجرانوالہ پولیس کی ناقص کارکردگی مظہر ہے کہ تبدیلی سرکار اور آئی جی پنجاب کے مقدمات کے فوری اندراج کے دعوے مجذوب کی بڑ سے زیادہ اہمیت کے حامل نہیں۔