گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں گیپکو کا ٹرانسفارمر دھماکے سے پھٹ گیا جس سے ٹرانسفارمر میں آگ بھڑک اٹھی، اہل علاقہ کے مطابق ٹرانسفارمر اور تاروں میں ایک گھنٹے تک آگ لگی رہی، ملحقہ علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
گیپکو کی سب ڈویژن لدھیوالہ وڑائچ کے علاقہ کوٹ اسحاق میں ایک سو کے وی کا ٹرانسفارمر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے کے بعد لگنے والی آگ نے ایک گھنٹے تک ٹرانسفارمر اور قریب سے گزرنے والی بجلی کی مین تاروں کو لپیٹ میں لئے رکھا۔
اہل علاقہ کے مطابق ٹرانسفارمر میں تیل ختم ہونے کے بعد آگ خود ہی بجھ گئی، واقعہ کے بعد ملحقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہے۔ گیپکو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے واقعہ کی تحقیقات کی جائیں گی تاہم نیا ٹرانسفارمر لگا کر بجلی بحالی کا کام کیا جارہا ہے۔