گوجرانوالہ ریجن میں سرکاری کالجز کی کمی، ہزاروں طلبہ کا تعلیم کا خواب ادھورا

Last Updated On 22 July,2019 03:31 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ ریجن میں سرکاری کالجز کی کمی کے باعث ہزاروں طلبہ کا سرکاری کالج میں سستی تعلیم حاصل کرنے کا خواب ادوھورا رہ جاتا ہے۔ ایک لاکھ سے زائد بچوں کا سرکاری کالجز میں داخلے کا حصول مشکل ہو گیا۔

ایک کروڑ 62 لاکھ آبادی والی ڈویژن گوجرانوالہ میں سرکاری کالجز کی تعداد 120 ہے جبکہ گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے میٹرک کے نتائج میں 1 لاکھ 64 ہزار سے زائد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

ریجن بھر کے سرکاری کالجز میں فرسٹ آئیر کے داخلوں کی گنجائش صرف 60 ہزار ہے جس کیلئے سرکاری کالجز میں داخلے کیلئے طلبہ و طالبات کا رش رہتا ہے۔

سرکاری کالجز میں سیٹیں کم ہونے کے باعث پری میڈیکل، پری انجنئیرنگ، جنرل سائنس، آرٹس اور کامرس گروپ میں داخلے کیلئے کالجوں میں معلوماتی ڈیسک قائم کردیئے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کہتے ہیں کہ رواں سال داخلہ کا کوٹہ دس فیصد بڑھا دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ ریجن میں کالجز کی کمی کو پورا کرنے اور سرکاری کالجز میں زیادہ سے زیادہ طلبہ و طالبات کو داخل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہونگے۔