گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں نان بائیوں نے روٹی اور نان کی قیمت میں خودساختہ طور پر اضافہ کر دیا جس کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے۔ ضلعی انتظامیہ نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے نان بائیوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔
گوجرانوالہ میں نان بائی نان 15 اور روٹی 12 روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔ روٹی اور نان کی قیمت میں اضافے سے عام آدمی کے لیے روٹی کھانا بھی مشکل ہو گیا جبکہ نان بائی آٹے کی قیمت میں اضافہ کو روٹی مہنگی ہونے کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔
دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے زائد قیمت پر روٹی فروخت کرنے والے نان بائیوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا گیا ہے۔ ایڈٖیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ روٹی چھ روپے جبکہ نان کی قیمت بارہ روپے مقرر کی گئی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن اب روٹی کی قیمت میں اضافے نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔