خیبر پختونخوا: ایف آئی اے کو وفاقی و صوبائی اداروں کیخلاف کرپشن کی 126 شکایات موصول

Last Updated On 21 October,2019 09:03 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے سرکاری اداروں میں کرپشن ختم نہ ہو سکی، ایف آئی اے کو وفاقی اور صوبائی اداروں کے خلاف کرپشن اور خورد برد کی 126 شکایات موصول ہوئیں، بارہ محکموں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

ایف آئی اے خیبر پختونخوا کے سرکاری اداروں کے خلاف سرگرم، رواں سال مختلف وفاقی و صوبائی اداروں کے خلاف 126 شکایات موصول ہوئیں، 77 شکایات پر انکوائریاں شروع کی گئیں جبکہ 12 سرکاری اداروں پر مقدمات بھی درج ہوئے۔

ایف آئی اے خیبر پختونخوا کو سب سے زیادہ شکایات واپڈا کے خلاف موصول ہوئیں جن کی تعداد 46 ہے جبکہ اسی محکمہ کے خلاف اکیس انکوائریاں بھی جاری ہیں۔ شکایات کے حوالے سے سوئی گیس کے خلاف 11، پوسٹ آفس کے خلاف 8، ورکر ویلفیئیر بورڈ اور ریلو ے کے خلاف 4،4، پاسپورٹ آفس کے خلاف 3 اور ایف آئی اے ہیلتھ و نادرہ کے خلاف 2، 2 شکایات درج ہیں۔

کرپشن کا خاتمہ اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کا نعرہ حکومتی جماعت کی کامیابی کا سبب بنا ہے اور اس وعدے کی تکمیل میں سرکاری اداروں کے خلاف ایف آئی اے خیبرپختونخواکی کارروائیوں کو پشاور کے عوام نے خوب سراہا۔

ایف آئی اے کی جانب سے نادرا کے خلاف 13 محکمہ سوئی گیس کے خلاف 10، پوسٹ آفس کیخلاف 8 جبکہ ریلوے، پی ٹی وی اور محکمہ اوقاف کے خلا ف 2،2 انکوائریوں سمیت مختلف 32 سرکاری محکموں کے خلاف انکوائریاں جاری ہیں۔ سرکاری اداروں میں بلا امتیاز کارروائیوں کے ساتھ ساتھ سخت سزائوں کا اطلاق بھی پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔