پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال چونتیس ویں روز میں داخل ہو گئی۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ دیگر سروسز معطل ہیں۔ ہڑتال سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
خیبر پختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں چونتیس ویں روز بھی مریض مسیحاؤں کے منتظر ہیں۔ ڈاکٹروں کی جانب سے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ دیگر سروسز کا بائیکاٹ جاری ہے۔
پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی او پی ڈی میں روزانہ کی بنیاد پر پانچ سے چھ ہزار مریض علاج کیلئے آتے ہیں، تاہم ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث مایوس ہو کر علاج کے بغیر لوٹ جاتے ہیں۔
گرینڈ ہیلتھ الائنس اور صوبائی حکومت کے مابین مسائل حل کرنے کیلئے مذاکرات کا عمل ایک ماہ بعد بھی شروع نہیں ہو سکا ہے۔