دوسرا ٹور میچ: پاکستان نے آسٹریلیا اے کیخلاف 386 رنز بنا لیے، اسد شفیق کی سنچری

Last Updated On 15 November,2019 04:26 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے آسٹریلیا اے کے خلاف دوسرے ٹور میچ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 386 رنز بنا لیے ہیں، مسلسل دوسرے پریکٹس میں قومی ٹیم کے سینئر بیٹسمین اسد شفیق نے ایک اور سنچری جڑ دی۔ بابر اعظم ، کاشف بھٹی، شان مسعود نے نصف سنچریاں بنائیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے دوسرے ٹور میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز عابد علی اور امام الحق نے کیا۔ عابد علی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے۔

ون ڈاؤن بیٹسمین شان مسعود نے اوپنر امام الحق کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا، اس دوران دونوں لیفٹ ہینڈ بیٹسمینوں کی طرف سے چند دلکش شارٹس دیکھنے کو ملے، 21 اوورز میں امام الحق 44 رنز بنا کر پوپ کی گیند پر پیری کو کیچ دے بیٹھے۔

سینئر کھلاڑی حارث سہیل تیسری اننگز میں بھی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے، چار گیندوں پر 2 رنز بنا کر گڈ ون کو کیچ دیدیا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے بھی لمبی اننگز کھیلنے کا منصوبہ بنایا تاہم بیٹسمین 22 رنز بنا کر پوپ کا نشانہ بن گئے۔

 

164 کے مجموعی سکور پر شان مسعود 125 گیندوں پر 76 رنز بنا کر کریز چھوڑنے پر مجبور ہوئے، ان کی اننگز میں 13 دلکش چوکے شامل تھے۔

اس دوران اظہر علی کی جگہ کپتانی کے فرائض انجام دینے والے اسد شفیق اور بابر اعظم نے اننگز کو آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان بہت شاندار شراکت داری دیکھنے کو ملی۔ بابر اعظم نے 66گیندوں پر 63 رنز بنائے۔افتخار احمد 5 رنز بنا سکے۔

قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے آل راؤنڈر کاشف بھٹی نے اپنے پہلے ہی میچ میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ففٹی بنائی، انہوں نے 47 گیندوں پر 56 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انکی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔کپتان اسد شفیق نے مسلسل دوسرے ٹور میچ میں سنچری داغی، 172 گیندوں پر 101 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 386 رنز بنا لیے، کینگروز اے ٹیم کی طرف سے لائیلڈ پوپ نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، اوکیلے، گرانٹ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔