سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز: قومی سکواڈ کا اعلان، فواد عالم کی 10 سال بعد واپسی

Last Updated On 07 December,2019 02:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، فواد عالم کو 10 سال بعد ٹیم کا حصہ بنالیا گیا۔

ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا۔ اظہر علی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے کپتان برقرار، دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، فوادعالم ٹیم میں شامل ہیں۔

حارث سہیل، امام الحق، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، شان مسعود، یاسر شاہ، عثمان شنواری بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ 16 رکنی ٹیم کے علاوہ محمد موسیٰ بھی سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

مصباح الحق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا افتخار احمد کی جگہ فواد عالم کو منتخب کیا گیا، پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ واپس آ رہی ہے یہ بہت اہم ہے، بہترین ٹیم منتخب کی ہے جو سری لنکا کو شکست دے سکتی ہے، عام تاثر یہ ہے کہ میں اکیلا فیصلےکرتا ہوں ایسا بالکل نہیں، ٹیم کا انتخاب ون مین شو نہیں، 6 سلیکٹرکام کرتے ہیں۔

ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر کا کہنا تھا ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کیں، بولر بننے میں وقت لگتا ہے، راتوں رات نہیں بن جاتا، سری لنکا اور بنگلادیش کیخلاف ہوم سیریز کا فائدہ اٹھانا ہوگا، پاکستان کرکٹ کو ٹھیک کرنے آیا ہوں، نہ کرسکا تو خود چھوڑ جاؤں گا، میرے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں کہ سب ایک دم ٹھیک ہو جائے۔

 واضح رہے سری لنکا کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے پاک لنکن ٹیمیں 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں اِن ایکشن ہوں گی۔

Advertisement