چاہتے ہیں ٹیسٹ کرکٹ میں جیتنے کا تسلسل شروع کریں: شان مسعود

Last Updated On 09 December,2019 04:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے ٹیسٹ اوپنر شان مسعود کا کہنا ہے کہ دس سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ آرہی، سب پلیئرز میں کافی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم سری لنکا کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے آرہے، چاہتے ہیں کہ اپنے گھر سے جیتنے کا تسلسل شروع کریں، ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے گھر میں کھیلنا ایک پلس پوائنٹ ہوتا ہے۔ پاکستان کو بھی ایسے ہی سپورٹ ملے گی۔

ٹیسٹ اوپنر کا کہنا تھا کہ امید ہے ہماری ٹیم پلس پوائنٹ کا فائدہ اٹھائے گی، آسٹریلیا کی غلطیاں کوشش کریں گے کہ نہ دہرائیں، اپنے لوگوں کے سامنے کھیلنے سے زیادہ بڑی بات اور کوئی نہیں، ہمارا کام ہے کہ اپنی کمزوریوں پر کام کریں اور اپنی سٹرینتھ کو ابھاریں۔

شان مسعود کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کا ٹور مشکل تھا، سلیکشن ہمیشہ سے پاکستان کی بہتری کے لیے ہوتی ہے، بڑی سے بڑی ٹیم کو دیکھ لیں ان کا ہوم ریکارڈ اچھا رہا ہے، جب آپ کھیلتے ہیں تو آپ کو اپنا کھیل بہتر کرنے کا موقع ملتا ہے، مانتا ہوں کہ بڑا سکور کرنے کا موقع ملا لیکن میں نہیں کر پایا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی بیٹنگ ایورج کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے، دورہ سائوتھ افریقہ اور انگلینڈ میں آغاز کے باوجود بڑی اننگز نہ کھیلنے کا افسوس ہے، ٹیسٹ کرکٹ آسان کرکٹ نہیں، اپنے گرائونڈز اور لوگوں کے سامنے کھیلنے کا احساس بہترین ہیں۔