لاہور: (ویب ڈیسک) 2019ء اپنے اختتام کی طرف گامزن ہے، وہی پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے بہت ساری خوشیاں لایا کیونکہ ایک دہائی کے بعد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی تو وہی پر قومی ٹیم کی کارکردگی ملی جلی رہی، اسی طرح قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے رواں سال کو ویمن کرکٹ کی بہتری کا سال قرار دیدیا۔
بسمہ معروف نے 2019 اور 2020 کے حوالے سے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ امسال پاکستان ویمنز ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی اور کھیل میں بہتری آئی ہے۔ یہ سلسلہ گزشتہ برس شروع ہوا تھا اور بتدریج بہتری آتی گئی، کیریبین کے خلاف سیریز سے سال کا آغاز ہوا اور اپنے ہوم گراونڈز پر کامیابی حاصل کی جبکہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز جیتے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے یادگار سیریز ساؤتھ افریقہ کے خلاف رہی کیونکہ ساؤتھ افریقہ کی سرزمین پر کھیلنا کبھی آسان نہیں رہا، جانے سے پہلے سوچا نہیں تھا کہ ساؤتھ افریقہ میں کارکردگی اتنی اچھی ہو گی۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان کا کہنا تھا کہ کھیل کے تینوں شعبوں میں پاکستان ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، اس سیریز سے کھلاڑیوں میں اعتماد بڑھا کہ وہ کہیں بھی اچھا کھیل سکتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بنگلہ دیش ویمن ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا، اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ٹیم بہتری کی طرف گامزن ہے لیکن میں سمجھتی ہوں کہ سال کا اختتام اچھا نہیں رہا۔
بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ ملائیشیا میں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں نتائج توقع کے مطابق نہیں رہے، ٹیم کو شکست ہوئی لیکن سیریز سے اندازہ ضرور ہوا ہے کہ ویمن ٹیم کو کہاں کہاں بہتری کی ضروت ہے۔
کپتان نے آئندہ سال کے حوالے سے کہا کہ 2020ء کے لیے بھی اچھے عزائم ہیں، کارکردگی میں مزید بہتری لانا ہے اور ٹیم کے لیے کچھ اہداف مقرر کیے ہیں جنہیں حاصل کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت فوکس آسٹریلیا میں ہونے والا ورلڈ کپ ہے، کینگروز میں کنڈیشنز آسان نہیں ہو تھیں، کوشش ہے کہ کنڈیشنز کے مطابق سخت محنت کریں اور 2020ء اچھی کارکردگی سے یادگار بنائیں۔