ون ڈے میں امریکی کرکٹ ٹیم 35 سکور پر ڈھیر، ریکارڈ قائم

Last Updated On 12 February,2020 05:49 pm

کٹھمنڈو: (ویب ڈیسک) نیپال میں ورلڈ کپ لیگ کے ون ڈے میچ کے دوران امریکا کی ٹیم نیپال کے خلاف 35 سکور پر ڈھیر ہو گئی ہے، ٹیم کم ترین سکور کا ریکارڈ قائم کرنیوالی زمبابوے کی ٹیم کے ساتھ ہو گئی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ورلڈ کپ لیگ کے ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم کے لیگ سپنر سندیپ لمیچھانے نے 16 رنز دے کر 6 امریکی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس طرح امریکا کی پوری ٹیم 12 اوورز میں 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئی۔

ویسٹ انڈیز میں پیدا ہونے والے امریکی اوپنر زاویئر مارشل ڈبل فگر میں داخل ہونے والے واحد بیٹسمین تھے جنہوں نے 16 رنز بنائے۔۔

نیپال کے دوسرے سپنر سشان بھاری نے صرف پانچ رنز دے کر باقی کے چار بلے بازوں کو آؤٹ کر دیا۔

نیپال کی ٹیم ،جو ہوم گراؤنڈ پر اپنی پہلی بین الاقوامی سیریز کھیل رہی تھی، نے مقررہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر چھٹے اوور کی دوسری بال پر حاصل کر لیا۔ نیپال کے دونوں اوپنرز دوسرے اوور میں ہی آؤٹ ہو گئے تھے۔

نیپال کی جانب سے تِمل پٹیل نے لگاتار تین گیندوں پر چوکا، چھکا اور چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلا دی۔

واضح رہے کہ امریکہ سے قبل 2004ء میں زمبابوے کی ٹیم سری لنکا کے خلاف ہرارے میں 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔

امریکا کو گذشتہ برس ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو میں حصہ لینے کے بعد ایک روزہ میچ کا سٹیٹس ملا۔ ان دنوں امریکا، نیپال اور اومان کے مابین کھٹمنڈو میں سہ ملکی سیریز کھیلی جا رہی ہے۔