4 کروڑ ڈالرز کا معاہدہ، سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل کلارک اور اہلیہ کی راہیں جدا ہو گئیں

Last Updated On 13 February,2020 08:40 pm

ملبورن: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو 2015ء کا ورلڈکپ جتوانے اور سابق کپتان مائیکل کلارک نے اپنی اہلیہ کیلے لی سے 8 سال بعد رفاقت ختم کردی ہے جبکہ دونوں کے درمیان علیحدگی کے لیے 40 ملین ڈالرز کا معاہدہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے سابق بلے باز مائیکل کلارک نے 2012ء میں کیلے لی سے شادی کی تھی جن سے ان کی چار سالہ بیٹی کیلسے کلارک بھی ہے۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق مائیکل کلارک گزشتہ چند ماہ سے اپنی اہلیہ سے علیحدہ رہ رہے تھے مگر انہوں نے طلاق کا اعلان نہیں کیا تھا تاہم اب دونوں کی راہیں جدا ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

دونوں کے درمیان 4 سالہ بیٹی کی کفالت کے لیے عدالت جائے بغیر معاہدہ بھی ہو چکا ہے۔

دی آسٹریلیا کی رپورٹ کے مطابق مائیکل کلارک اور ان کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی کا معاہدہ 40 ملین ڈالرز (تقریباً ساڑھے چھ ارب روپے) میں طے پایا ہے۔

دونوں کا کہنا ہے کہ اتنے برس ساتھ گزارنے کے بعد علیحدگی کا فیصلہ انتہائی مشکل تھا لیکن ہم نے ایک دوسرے کی عزت و احترام کو مد نظر رکھتے ہوئے بیٹی کی پرورش علیحدہ رہتے ہوئے کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔