لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں معیاری کرکٹ کے سبب لی میں شامل فرنچائزز سے مداحوں کی قربت بھی حقیقی ہے، شائقین کرکٹ نے ایونٹ کے گزشتہ چار ایڈیشنز میں روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیزی کا بھی خوب لطف اٹھایا ہے۔
لیگ کے دوران دو ٹاکرے ایسے ہیں جس کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے، ایک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ پشاور زلمی تو دوسرا کراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرز۔
کراچی اور لاہور ملک کے دو بڑے شہر ہونے کے ساتھ قومی کرکٹ کی دو بڑی نرسریاں بھی ہیں، قیام پاکستان سے لیکر اب تک یہ دونوں شہر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بہت سے عظیم کرکٹرز دے چکے ہیں۔
عمران خان، جاوید میانداد، ماجد خان، ظہیر عباس، سعید انور، عبد القادر، وسیم اکرم، یونس خان، شاہد آفریدی، معین خان اور راشد لطیف کا شمار بھی ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپے کھیل کا آغاز یا تو کراچی کی اسٹریٹ کرکٹ سے کیا یا پھر لاہور کے وسیع و عریض میدانوں سے کیا ہے۔
یہاں تک کہ قومی کرکٹ ٹیم کے چند موجودہ ستاروں بابر اعظم، سرفراز احمد، وہاب ریاض، شان مسعود، اظہر علی اور امام الحق کا تعلق بھی انہی دو شہروں سے ہے۔
مگر دونوں ٹیمیں گزشتہ چار سالوں میں ایک ایڈیشن بھی نہیں جیت پائیں، دونوں ٹیمں کبھی ایونٹ کے فائنل میں رسائی اصل نہیں کر سکیں جبکہ لاہور قلندرز تو کبھی پلے آف مرحلے کا حصہ بھی نہیں بن پائی تاہم پی ایس ایل فائیو کے دوران دنوں ٹیمیں اپنے بیشتر میچز ہم گراؤنڈ پر کھیلیں گی۔ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے بالترتیب نیشنل سٹیڈیم کراچی اور قذافی سٹیڈیم لاہور میں میچز کے باعث امید کی جا رہی ہے کہ بیس فروری سے شروع ہونے والے ایونٹ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھی جائے گی۔
پی ایس ایل 2020ء میں دونوں ٹیموں کے مابین گروپ مرحلے کے دونوں میچز میں شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد میں سٹیڈیم آمد متوقع ہے، ٹیموں کے مابین پہلا ٹاکر آٹھ مارچ بروز اتوار کو قذافی سٹیڈیم لاہور اور دوسرا بارہ مارچ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہو گا، یہ دونوں میچز رات کو برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل فائیو کے لیے منتخب کردہ سکواڈ کے مطابق کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن اپ مضبوط ہے، ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے باز بابر اعظم، انگلینڈ کے جارح مزاج ایلکس ہیلز اور جنوبی افریقا کے کیمرون ڈیلپورٹ کے علاوہ شرجیل خان کی موجودگی میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن اپ مضبوط ہے۔
چاروں بلے باز کراچی کنگز کو ایک مضبوط فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، گزشتہ ایڈیشن میں اسلام آباد یونایئٹڈ کی کرنمائندگی کرتے ہوئے کیمرون ڈیلپورٹ نے نیشنل سٹڈیم کراچی میں لاہور قلندرز کے خلاف 60 گیندوں پر 117 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی تھی۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کی ٹیم میں شامل نوجوان مگر تجربہ کار باؤلنگ اٹیک کراچی کنگز کے بلے بازوں کو ٹف دینے کے لیے تیار ہے، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور عثمان خان شنواری کو ٹی ٹونٹی لینگز میں میں باؤلنگ کا تجربہ حاصل ہے۔
اسی طرح لاہور قلندرز کے بلے باز کرس لین، فخر زمان، محمد حفیظ، بین ڈنک اور سلمان بٹ پر مشتمل بیٹنگ لائن اپ کو زیر کرنے کے لیے کراچی کنگز کو محمد عامر، عمید آصف، کراس جارڈن، مچل میکلنگن، عماد وسیم اور عمر خان جیسے باؤلروں کا ساتھ میسر ہو گا۔