ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کے تین اہم میچ ملتان میں کھیلے جائیں گے، پی سی بی نے 33 کروڑ روپے کی لاگت سے اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش مکمل ہوتے ہی ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ شروع کر دیا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 12 سال بعد پی ایس ایل کے تین میچ کھیلے جائیں گے جس میں پہلا میچ 26، دوسرا 28 اور 29 فروری کو کھیلا جائیگا۔ ملتان سلطان کی ٹیم پشاور، کراچی اور کوئٹہ کی ٹیم سے ٹکرائے گی جس کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ شروع ہوتے ہی شائقین کی بڑی تعداد نے ٹکٹیں خرید لی ہیں۔
پی ایس ایل کے سلسلے میں 33 کروڑ لاگت سے اسٹیڈیم کی تزیئن و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جس پر ملتان سلطان کے مالک علی خان ترین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا انعقاد خوش آئند ہے جس سے قومی ٹیم کے لئے بہترین کھلاڑیوں کو سامنے لانے میں بھی مدد ملے گی۔
اسٹیڈیم میں 35 ہزار شائقین کرکٹ میچ دیکھ سکتے ہیں جن کی سکیورٹی کے لئے بھی تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔